156

ورلڈکپ؛ منتظمین نے پلان بی پرمنہ بند کرلیے

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا میں رواں برس شیڈول ورلڈ ٹی 20 ورلڈ کپ پر غیریقینی کے بادل گہرے ہونے لگے جب کہ منتظمین نے پلان بی سے متعلق ہونٹ سختی سے بند کرلیے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے مستقبل قریب کے مزید ایونٹس کا انعقاد غیریقینی دکھائی دینے لگا ہے، ان میں آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ بھی شامل ہے، منتظمین نے فی الحال اس حوالے سے ہونٹ سختی سے بند کررکھے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا ایونٹ کی میزبانی رواں برس نہ کرپانے کی صورت میں دیگر آپشنز پر غور کررہا ہے۔ آئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ کا اگلا ایڈیشن بھارت میں شیڈول ہے۔

وکٹورین وزیر کھیل مارٹن پاکولا نے رواں برس ایونٹ کے مقررہ وقت پر انعقاد کے حوالے سے مزید شبہات ظاہر کردیے ہیں، انھوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ کامن ویلتھ لیول پر چیف میڈیکل آفیسر کی جانب سے شدید مخالفت ہوسکتی ہے، ایونٹ صرف اسی صورت میں ہی ممکن ہے جب آسٹریلیا میں کورونا کا مکمل خاتمہ ہوجائے، فی الحال یہ چیز کافی مشکل دکھائی دے رہی ہے، اگر ایونٹ ہوا بھی تو اس میں شائقین کی شرکت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہی ہوگا۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کو رواں برس کے آخر میں بھارت سے ہوم سیریز کی فکر بھی کھائے جا رہی ہے، اگر 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز نہ ہوئی تو صرف ٹی وی ریونیو کی مد میں بورڈ کو 300 ملین ڈالر کا نقصان ہوگا، اسی صورتحال کے پیش نظر ساؤتھ آسٹریلین کرکٹ چیف کیتھ بریڈشا نے بورڈ کو پیشکش کی کہ وہ بھارتی ٹیم کیلیے اپنے نوتعمیر شدہ ایڈیلیڈ اوول ہوٹل کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کو تیار ہیں۔

آسٹریلوی حکومت کی جانب سے باہر سے آنے والوں کیلیے 14 روزہ آئسولیشن کی سختی ہے، بریڈشا نے کہاکہ اگر یہ پابندی برقرار رہی تو ویرات کوہلی اینڈ کمپنی کیلیے ہمارا ہوٹل حاضر ہوگا جہاں پر وہ قرنطینہ کے دوران پریکٹس میچ تک کھیل سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں