259

یو اے ای کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی میں زیادہ دلچسپی

لاہور: اماراتی بورڈ پی سی بی کے ہمراہ آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیلیے تیار ہے، 8 ملکوں پر مشتمل چیمپئنز ٹرافی میں زیادہ دلچسپی ظاہر کردی۔

آئی سی سی نے 2023ء سے2031ء تک کے ایونٹس کی میزبانی کے خواہشمند ملکوں سے اظہار دلچسپی طلب کیا تھا، ایک انٹرویو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا تھا کہ ہم آئندہ فیوچر ٹور پروگرام میں میگا ایونٹس کرانے کیلیے تیار ہیں، امید ہے کہ 1یا2 کی میزبانی مل جائے گی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یو اے ای کے ساتھ مل کر مشترکہ طورپرآئی سی سی ایونٹس کرانے کیلیے بھی بات چیت جاری ہے۔

گذشتہ روز اماراتی کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکریٹری مبشر عثمانی نے کہا کہ ہم نے انڈر19 ورلڈ کپ اور کوالیفائرز سمیت چند ایونٹس انفرادی طور پر کرانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، مشترکہ میزبانی کے لیے پی سی بی کے ساتھ بھی بات ہوئی ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور50 اوورز کا میگاایونٹ بھی پلان کا حصہ ہے، صرف 8 ملکوں پر مشتمل چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا منصوبہ زیادہ قابل عمل ہو سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 2 سال قبل یو اے ای میں ہونے والے ایشیا کپ کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی تھی، خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے میچز بھرپور توجہ کا مرکز بنے، امید ہے کہ یہاں کوئی میگاایونٹ ہوا تو بھرپور کامیاب ہوگا، ہم توقع کر رہے ہیں کہ جون میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں کوئی حوصلہ افزا پیش رفت ہوگی۔

یاد رہے کہ 2005ء میں آئی سی سی کے دفاتر لندن سے دبئی شفٹ کرنے کا فیصلہ ہوا تو اس وقت صدارت احسان مانی کے پاس تھی، اس لیے میگا ایونٹ کی میزبانی کیلیے انھیں یو اے ای سے بھرپور سپورٹ ملنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں