244

کورونا کا خوف، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکاروں کی خودکشی

سری نگر: کم ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پیرا ملٹری فورس کے اہلکاروں نے دو الگ الگ واقعات میں خودکشی کرلی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع اسلام آباد میں تعینات سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے سب انسپکٹر فتح سنگھ نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
اہلکار کی لاش کے قریب سے ایک رقعہ ملا جس میں درج تھا کہ ’’ مجھے کورونا ہونے کا خوف ہوگیا ہے‘‘۔ تحریری نوٹ ملنے پر اہلکار کی لاش کو پہلے کورونا ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری لے جایا گیا۔ اہلکار کا تعلق راجھستان سے ہے۔
دریں اثناء دارالحکومت سری نگر میں بھی سینٹرل ریزرو پولیس کے ایک اور اہلکار نے سرکاری رائفل سے خودکشی کرلی۔ اہلکار کی شناخت بنگالی بابو کے نام سے ہوئی ہے جو مدھیہ پردیش کا رہائشی ہے۔
واضح رہے کہ پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث مقبوضہ کشمیر میں جنوری 2007ء سے تاحال خود کشی کرنے یا آپسی جھگڑوں میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 451 ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں