262

کورونا وباء کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 32 ہزار 674 ہوگئی، 724 جاں بحق

اسلام آباد : ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 32 ہزار 674 اور جاں بحق افراد کی تعداد 724 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 10 ہزار 957 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور ایک ہزار 140 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح اب تک کیے گئے کورونا ٹیسٹ کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 851 ہوگئی اور 32 ہزار 81 افراد میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 257 اموات ہوئیں۔ پنجاب میں 211، سندھ میں 200، بلوچستان 27، اسلام آباد 6 اور گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس ایک شخص کی جان لے چکا ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں کورونا وائرس کے 167 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
سندھ میں کورونا سب سے زیادہ
سندھ میں کورونا کے اب تک 12 ہزار 610 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 11 ہزار 869، خیبرپختونخوا 4 ہزار 875، بلوچستان 2 ہزار 61، اسلام آباد 716، آزاد کشمیر 86 اور گلگت بلتستان میں 457 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان مریضوں میں سے 8 ہزار 555 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں