229

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 18 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار تک پہنچ چکی ہے تاہم 4 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ يورپ میں عالمی وباء کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 75 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جن ميں سے 80 فيصد ہلاکتيں صرف چار ممالک اٹلی، اسپين، فرانس اور برطانيہ ميں ہوئيں۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 431 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 19 ہزار 899 پر پہنچ گئی جب کہ اسپین میں مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 209 ہو گئی ہے۔ فرانس میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 561 افراد لقمہ اجل بن گئے، اب تک 14 ہزار 393 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 32 ہزار 591 متاثر ہو چکے ہیں۔

امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے، اب تک وائرس سے ساڑھے 5 لاکھ سے زیادہ امریکی متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بائیس ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

نیویارک، نیو جرسی، مشی گن، لوزیانا اور میسا چوسٹس امریکا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستیں ہیں، نیو یارک میں ایک روز میں مزید 758 افراد ہلاک ہوگئے۔ نیویارک سٹی کے میئر نے 20 اپریل سے کھلنے والے تعلیمی اداروں کو سارا سال بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ملک بھر میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا ہے، امریکی میڈیا کے مطابق اگر 30 اپریل کو پابندیاں اٹھائی گئیں تو گرمیوں کے موسم میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

جرمنی میں بھی عالمی وباء سے اب تک 3 ہزار 22 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 27 ہزار 854 متاثر ہوچکے ہیں جب کہ برطانیہ میں 24 گھنٹوں میں مزید 737ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 612 ہو گئی جب کہ 84 ہزار 279 سے زائد متاثر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں