207

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا۔ کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں۔ پنجاب بھر میں 25 ہزار اور خیبرپختونخوا میں 4 ہزار سے زائد نیبرہوڈ اور ویلج کونسل کی حلقہ بندیاں 13 اکتوبر تک مکمل کرلی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حلقہ بندیاں کرنے کیلئے انتظامات مکمل کرلیے۔ دونوں صوبوں میں حلقہ بندیوں کیلئے شیڈول کا نوٹی فیکشن بھی جاری کردیا۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حلقہ بندیوں کیلئے 6 جولائی سے 25 جولائی تک نقشہ جات حاصل کیے جائیں گے۔ کمیٹیاں 20 اگست تک حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں تیار کریں گی، 21 اگست تک حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں جاری کی جائیں گی۔
شیڈول کے مطابق ابتدائی فہرستوں پر 22 اگست سے 6 ستمبر تک اعتراضات دائر کیے جاسکیں گے، الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں پر اعتراضات کو 5 اکتوبر تک نمٹایا جائیگا۔
الیکشن کمیشن 13 اکتوبر کو دونوں صوبوں میں حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں جاری کریگا۔ خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 212 جبکہ پنجاب میں 25 ہزار زائد نیبر ہوڈ اور ویلج کونسل کی حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں