220

وفاق پر سندھ کے الزام افسوسناک ہیں، شہباز گل

تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ کے وفاق پر لگائے الزام افسوسناک ہیں۔
سندھ حکومت کی طرف سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے معاملے پر وفاق سے مدد نہ ملنے کی شکایات پرایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے شہباز گل نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی شیری رحمٰن اورعذرا پیچوہو نے یہ بیانات دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیان پر افسوس اس لیے بھی ہے کہ خود سندھ حکومت کہہ رہی ہے کہ ان کے پاس 6 ہزار کٹس موجود ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر وہ 700 ٹیسٹ کررہے ہیں، اس طرح 8 دن کا اسٹاک ان کے پاس موجود ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 2 دن قبل سندھ حکومت کو آگاہ کرچکے ہیں کہ ان کی 20 ہزار کٹس وفاق میں تیار پڑی ہیں، جو آج یا کل صبح تک کارگو طیارے کےذریعے انہیں پہنچادی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ طیارے کے ذریعے سندھ کے 45 ہسپتالوں کے طبی عملے کا حفاظتی سامان بھی بھجوارہے ہیں۔ شہباز گل نے کہا کہ مشکل وقت میں پوری دنیا کی توجہ کورونا وائرس کے خاتمے پر ہے، سندھ حکومت کی طرف سے ٹیسٹنگ کٹس کے معاملے پر سیاست کی جارہی ہے، میری گزارش ہے ایسا نہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں