243

وفاق نے کراچی کے 3 بڑے ہسپتالوں کا کنٹرول سندھ حکومت سے واپس لے لیا

کراچی: وفاقی حکومت نے کراچی کے تینوں بڑے ہسپتالوں کا کنٹرول سندھ حکومت سے واپس لے لیا جب کہ لاہور کے شیخ زید ہسپتال کا انتظام بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا۔
وفاقی وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری شدہ نوٹیفکیشن میں جناح ہسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ کے انتظامیہ کو لکھا گیا ہے کہ مذکورہ اسپتالوں سے کسی بھی قسم کی مشینری یا آلات کی منتقلی نہیں ہوگی، نہ ہی استالوں میں کوئی نئی بھرتی کرنے کی اجازت ہوگی، اسپتالوں کی تمام تر تفصیلات وفاقی وزارت قومی صحت کو ارسال کی جائیں۔
دریں اثنا پاکستان پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت میں صوبوں کو صوبائی خودمختاری دیئے جانے کے حوالے سے کی جانے والی 18 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد کراچی میں وفاق کے ماتحت چلنے والے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر۔ قومی ادار برائے امراض قلب اور قومی ادار برائے اطفال صحت کو صوبائی حکومت سندھ کے ماتحت کردیا گیا تھا جس کے بعد ان تینوں ہسپتالوں کو انتظامی طور پر محکمہ صحت سندھ کے ماتحت کردیا گیا تھا اور ان تینوں ہسپتالوں کے انتظامی سربراہوں کو صوبائی محکمہ صحت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت اور باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔
بعدازاں تینوں ہسپتالوں کے ملازمین کی جانب سے اس فیصلے کو اعلی عدالت میں چیلینچ کیا گیا تھا جو کئی سال تک عدالت عالیہ میں زیر سماعت رہا۔ وفاق سے صوبائی حکومت کے ماتحت ہونے سے قبل ان تینوں ہسپتالوں کے ملازمین وفاقی حکومت کے ملازمین تھے ان میں سے سیکڑوں ملازمین نے ہسپتالوں کوصوبائی حکومت کے زیر انتظام کرنے کے خلاف اعلی عدالت سے رجوع کیا کئی سال مقدمہ عدالت میں زیر سماعت رہا جس کے بعد اعلیٰ عدالت نے اپنے فیصلے میں کراچی اور لاہور سمیت ان ہسپتالوں کو واپس وفاق کے ماتحت کرنے کی ہدایت دی تھی۔
کراچی میں وفاق کے ان تینوں ہسپتالوں کو جب صوبائی حکومت کے ماتحت کیا گیا تو ملازمین کے سروسز، پروموشنز اور ریٹائرمنٹ سمیت دیگر پیچیدہ مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کراچی کے جناح ہسپتال۔ این آئی سی ایچ اور این آئی سی وی ڈی ہسپتالوں کیلیے 13 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
اس سے قبل جب تک یہ تینوں ہسپتال صوبائی حکومت کے ماتحت تھے تو سندھ حکومت کی جانب سے ان ہسپتالوں کو گرانٹ فراہم کی جاتی رہی ،2020۔2021ء کا صوبائی بجٹ میں یہ دیکھنا یوگا کہ صوبائی حکومت ان ہسپتالوں کے لیے رقم مختص کرتی ہے یا نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں