46

نیب کو آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں بند کرنے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: نیب کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں بند کرنے کی اجازت مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیب کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت سے آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں بند کرنے کی اجازت مل گئی ہے، جب کہ احتساب عدالت نے چیئرمین نیب کے گاڑیاں بند کرنے کے فیصلے کی توثیق بھی کر دی ہے، چیئرمین نیب نے زرداری کی تین ، نواز شریف کی ایک گاڑی بند کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ نیب نے احتساب عدالت میں مؤقف پیش کیا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے غیر قانونی طور پر توشہ خانے سے گاڑیاں لیں۔ احتساب عدالت کے جج اصغرعلی نے نیب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے نیب کو آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں بند کرنے کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف پر توشہ خانے سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے، نیب نے سابق صدر آصف زرداری ، اورسابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے، اور چئیرمین نیب نے گاڑیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جب کہ گاڑیاں بند کرنے کے فیصلے کی توثیق کے لئے نیب نے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں