49

ملک کو نااہل عمران خان سے بچانے کیلیے اپوزیشن کا غیرمعمولی کردار ناگزیر ہے، بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کو نااہل عمران خان سے بچانے کے لئے اپوزیشن کا غیرمعمولی کردار ناگزیر ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے عیدالاضحٰی کی مبارک باد دی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی اور مسئلہ کشمیر کے معاملے میں حکومتی ناکامیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں اتنی کرپشن نہیں ہوئی، جتنی عمران خان کے دورِحکومت میں ہورہی ہے، کورونا وائرس کے اعدادوشمار کو چھپا کر عوام کی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے، مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے، اپوزیشن عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ملک کو نااہل عمران خان سے بچانے کے لئے اپوزیشن کا غیرمعمولی کردار ناگزیر ہے، اے پی سی میں اہم تاریخی فیصلے مستقبل پر اہم اثرات مرتب کریں گے جب کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے اور عمران خان کلبھوشن جادھو کو ریلیف پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں