195

مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت بدلنے کی کوششوں کا جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے جب کہ بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عید منا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر پونا سیکٹر کا دورہ کیا، آرمی چیف نے پونا سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی، بری فوج کے سربراہ نے پاک فوج کے فرنٹ لائن سولجرز کی پیشہ وارانہ اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے آرمی چیف نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی اور کہا کہ پاکستان آرمی خطرات سے بخوبی آگاہ ہے، بھارتی قابض فوج کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے خلاف جوانوں کا حوصلہ قابل تعریف ہے، کشمیر میں بھارتی اقدامات، لاک ڈاؤن کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے، اسی وجہ سے بھارت لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام کی کوششوں کے سنگین نتائج نکلیں گے، امید کرتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو آزادانہ نقل و حمل کو اہمیت دی جائیگی، اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو آزاد کشمیر میں مکمل آزادی ہے، قومی توقعات کے مطابق اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرینگے، آزمائش میں ہونے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں قوم اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت کیلئے دعاگو ہے، خوشی کے تہواروں پر گھر سے دور ایک سپاہی کی فرض کی ادائیگی قابل فخر ہے، پاک فوج غیر متزلزل عزم کے ساتھ یہ فرض ادا کرتی رہے گی۔
علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے اللہ سے موجودہ چیلنجوں میں کمی کیلئے رحمت کی دعا کی ہے، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ٹویٹر پرجاری پیغام میں کہا ہے کہ آرمی چیف نے قوم کو مبارکباد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں