67

فواد عالم کی ناکامی پر رمیز راجہ مایوسی کا شکار

لاہور: ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں فواد عالم کی ناکامی پر رمیز راجہ نے مایوسی کا اظہار کردیا۔
رمیز راجہ نے کہاکہ فواد عالم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگائے،اسی لیے پورا پاکستان ان کی کامیابی کیلیے دعا کررہا تھا،ان کو مشکل کنڈیشنز میں موقع دیا گیا مگر ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں ناکامی حیران و پریشان کردینے والی تھی،پرستار چاہتے تھے کہ ان کو موقع ملے، ایسا ہوا بھی تو مڈل آرڈر بیٹسمین اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے،امید ہے کہ وہ دوسری اننگز میں بہتر کارکردگی پیش کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ دوسری جانب مائیکل وان نے کہا کہ فواد عالم کی شمولیت کیلیے شاداب خان کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ ہی غلط تھا، ایسے کام پاکستان ہی کرتا ہے،34سالہ بیٹسمین نے تقریباً11سال میں کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا،ان کی تکنیک بھی ایسی ہے کہ گیند پھینکی جانے کے وقت رخ ہی سیدھا نہیں ہوتا، بال ایک انچ بھی موو ہوتو آؤٹ ہوجائیں گے، یہ ان کو کھلانے کا درست وقت نہیں تھا۔
انھوں نے کہا کہ شاداب خان ایک بہترین کرکٹر اور مستقبل کے کپتان بھی ہوسکتے ہیں،انھوں نے پہلے ٹیسٹ میں کچھ رنز بنائے،وہ لیگ اسپنر اور اچھے فیلڈر ہونے کے ساتھ کرکٹ کی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں،میرے خیال میں ان کو موقع ملتا تو فواد عالم سے زیادہ رنز بناتے،وکٹیں لینے کے ساتھ 1،2 کیچز بھی لے کر اپنی افادیت ثابت کردیتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں