82

عابد علی کا بلا رنز اگلنا بھول گیا


لاہور: ڈیبیو سیریز میں ورلڈ ریکارڈ بنانے والے عابد علی کا بیٹ رنز اگلنا ہی بھول گیا جب کہ ’’لیجنڈ‘‘ کی عرفیت رکھنے والے بیٹسمین گذشتہ 13اننگز میں صرف ایک ففٹی بناپائے۔

عابد علی نے 2019ء کے اوائل میں آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے ڈیبیو کرتے ہوئے سنچری بنائی،پھر اسی سال دسمبر میں کیریئر کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں سری لنکا کیخلاف کھیلتے ہوئے بھی 109رنز اسکور کیے، یوں وہ دونوں فارمیٹ میں ڈیبیو پر سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہونے کا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

سری لنکا کیخلاف کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 38 رنز بنانے کے بعد انھوں نے دوسری باری میں 174رنز اسکور کرتے ہوئے دنیائے کرکٹ پر اپنی دھاک بٹھا دی، اس کے بعد ان کا بیٹ رنز اگلنا بھول گیا۔
عابد نے 12اننگز میں 20سے بھی کم کی اوسط سے 230 رنز بنائے ہیں، سب سے بڑی 60 رنز کی اننگز گذشتہ سال اگست میں میزبان انگلینڈ کیخلاف کھیلی،اس کے علاوہ صرف ایک بار وہ30 سے زائد رنز بنا سکے۔

نیوزی لینڈ میں دونوں اوپنرز کی ناکامی کے بعد شان مسعود تو ڈراپ ہوگئے لیکن عابد علی کو لائف لائن دیتے ہوئے پروٹیزسے سیریز میں عمران بٹ کے ساتھ میدان میں اتارا گیا، دونوں توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔

توقع تھی کہ ہوم کنڈیشنز میں عابد علی کی روٹھی فارم واپس آ جائے گی مگر پروٹیز کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں وہ پہلی باری میں 4تو دوسری میں 10رنز بنا سکے،راولپنڈی ٹیسٹ میں کریز پر مشکل وقت گزارنے کے بعد بالآخر 6 رنز پر وکٹ قربان کردی، یوں ڈیبیو سیریز کے بعد عابد علی نے صرف ایک ففٹی بنائی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اگر وہ اسکور نہ کرسکے تو ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا دشوار ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں