225

خدانخواستہ مساجد سے کورونا وائرس پھیلا تو ہمیں ایکشن لینا ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خدانخواستہ اگر مساجد سے کورونا وائرس پھیلا تو ہمیں ایکشن لینا ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا سے لڑ رہی ہے تاہم کسی کو اندازہ نہیں کہ کورونا کی صورتحال کب بہتر ہوگی، امریکا میں 40 ہزار افراد وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں جب کہ اٹلی اور اسپین میں 20، 20 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی غیرمعینہ مدت تک لاک ڈاؤن نہیں چل سکتا تاہم اس حوالے سے تمام صوبوں سے بات چیت کے بعد معاملات کو آگے بڑھارہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کہاجارہا ہے کہ باقی دنیا میں مساجد بند ہیں پاکستان میں کیوں نہیں، علماء کے ساتھ صدرعارف علوی نے ملاقات کی اور20 نکات پراتفاق کیا ہے، بہتر ہے کہ عوام گھر میں بیٹھ کر عبادات کریں لیکن اگر مسجد جانا ہے تو20 نکات پرعمل کیا جائے، اگر اس پرعمل نہ کیا گیا اور وائرس پھیلا تو ایکشن لیا جائے گا اور مساجد کو بند کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں