64

حکومت کے خلاف مردہ اپوزیشن تحریک نہیں چلاسکتی،نواز شریف کو لانا مشکل ہے،شیخ رشید

لاہور: وزیرریلوے شیخ رشید نےکنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے اور شالیمار ایکسپریس کے کرائے میں 10 فیصد کمی کا اعلان بھی کردیا۔ حکومت کے مقابلے میں اپوزیشن کومردہ قراردے دیا، بولے محرم کے بعد بھی اے پی سی نہیں دیکھ رہا۔ وزیرریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن کو پھرنشانے پرلے لیا اور کہا اپوزیشن کی اے پی سے ان کے گلے پڑ جائے گی، انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو پارٹیوں سے محتاط رہنے کامشورہ بھی دے ڈالا۔ انہوں نے کنٹریکٹ ریلوے ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان بھی کیا۔ مریم نواز کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا شہباز شریف اور حمزہ کا کیس گہرے پانیوں میں ہے، مریم نے سگنل ملنے پر شہباز شریف کی سیاست پر حملہ کر دیا۔ مریم نواز نے جتنے پتھر مارے شہباز شریف کی سیاست پر لگے۔ وزیرریلوے نے کہا حکومت کی خواہش ہے نوازشریف واپس آئے مگر انہیں واپس لانا آسان نہیں۔ انہوں نے جہانگیر ترین کی واپسی کی پیش گوئی کردی۔ شیخ رشید نے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے اور شالیمار ایکسپریس کے کرائے میں 10 فیصد کمی کا اعلان بھی کیا۔
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کے باہر جانے پر وزیراعظم پچھتارہے ہیں جبکہ حکومت اسحاق ڈار کو واپس نہ لاسکی نواز شریف کو لانا تو اور مشکل ہے۔ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کے حکم پر چار ہفتوں میں مکمل عمل درآمد کریں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی اے پی سی عید کے بعد ہونے تھی لیکن اب محرم الحرام آگیا، محرم کے بعد بھی اے پی سی نہیں ہوگی یہ اپنے گلے پڑ جائےگی، فضل الرحمان ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے جو چاہتے ہیں وہ انہیں نہیں ملے گا، ان کی سیاست کا تو پہلے ہی خانہ خراب ہے تو وہ چاہتے ہیں کسی اور کا بھی نہ رہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی والے عمران خان کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلاسکتے، دونوں جماعتیں این آر او کی تلاش میں ہیں، وزیراعظم عمران خان کچھ بھی کرلیں گے لیکن این آر او نہیں دیں گے، وہ پہلے ہی پچھتارہے ہیں کہ نواز شریف چلاگیا۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اتنا بھولا نہیں کہ شہباز شریف والی غلطی کرے، ان کے لیے شہباز شریف کی ایک قربانی کافی ہے، مردہ اور تھکی ہوئی اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، باہر نکلے گی تو اور تھک جائے گی۔ نواز شریف کو واپس لانے کے حکومتی اقدامات سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اسحاق ڈار اور سلمان شہباز کو نہیں لاسکے تو نواز شریف کو لانا آسان کام نہیں، لیکن خواہش ہے کہ وہ واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں