81

پیراشوٹ سے اقتدار میں آنے والے حکمران مافیاز کی سرپرستی کرتے ہیں، شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پٹرول بم گرا کر ثابت کیا کہ وہ عوام کو کچھ نہیں سمجھتی۔۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے لکھا کہ عوام کی منتخب کردہ حقیقی قیادت مفاد عامہ میں فیصلے کرتی ہے جبکہ پیراشوٹ سے اقتدار میں آنے والے عوام کے بجائے مافیاز کے مفادات پورے کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے پٹرول بم گرا کر ثابت کیا کہ وہ عوام کو کچھ نہیں سمجھتی۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ‏پی ٹی آئی اور مافیاز کے درمیان مضبوط ربط وتعلق ہے، گندم، چینی اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ میں کمی کا نہ ہونا اس کاثبوت ہے، نیازی مافیاز کی ملی بھگت سے عوام کی جیبوں سے کروڑوں روپے نکال رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پٹرولیم قیمتوں میں ملکی تاریخ کا بلند ترین33 فیصد اضافہ دراصل ”چینی سکینڈل پارٹ ٹو‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ اس وقت کیاگیا جب ملک میں قلت ہے، حکومتی سرپرستی میں چینی کے بعد پٹرول مافیا کو لوٹنے کا لائسنس دیدیاگیا، چینی کے بعد پٹرول مافیا جیت گیا، اور عوام ہار گئے۔ لیگی صدر کا کہنا تھا کہ یہ حکومت مافیاز کی سب سے بڑی حمایتی ثابت ہوئی، پٹرول کے معاملے بھی چینی چوری والی واردات دوہرائی گئی، پی ٹی آئی حکومت نے قوم کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا۔ 75 روپے قیمت کی تو پٹرول مارکیٹ سے غائب ہوگیا، کوئی خرید نہ سکا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے عوام کی بہتری اور احساس کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ، مہنگائی کا سونامی غریبوں کو کھاجائے گا، ثابت ہوا کہ یہ ظالموں، بے احساسوں اور نااہلوں کی حکومت ہے، ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ناکافی ریلیف کی عوام سے سود سمیت وصولی شروع کردی، کورونا کی دلدل میں دھنسی بے چاری قوم پر پٹرولیم قیمتوں میں تاریخی اضافے کا بم پھینک دیاگیا، حکومت نے بجٹ سے پہلے ہی منی بجٹ دے دیا ہے۔ لیگی صدر کا مزید کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ثبوت ہے، حکومت چاہتی ہی نہیں کہ معیشت چلے، عوام کا چولہا جلے ، ٹیکس وصولیوں میں بدترین ناکامی، تاریخی بلند ترین قرض، معیشت تباہ،ترقی کی شرح صفرہو چکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں