215

ترک سیکیورٹی فورس کا طیارہ پہاڑ سے ٹکرا گیا، 7 اہلکار جاں بحق

انقرہ: ترکی میں سیکیورٹی ادارے کا چھوٹا جیٹ طیارہ اہم مشن سے واپسی پر پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود تمام اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ ترک میڈیا کے مطابق نیشنل پولیس کا جیٹ طیارہ مشرقی صوبے وان میں ایک اہم مشن سے واپسی پر پہاڑی علاقے میں ایک چوٹی سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا، طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی۔ حادثے میں 2 پائلٹس سمیت 7 اہلکار لقمہ اجل بن گئے۔ وزیر داخلہ سلیمان سولو نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے نے وان اور ہاکاری صوبوں کی نگرانی اور معائنے کے مشن سے واپسی پر وان فیرت ایئرپورٹ سے اُڑان بھری تھی لیکن کچھ ہی دیر بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ سرچ آپریشن کے دوران ملبہ پہاڑی علاقے سے مل گیا۔وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ چھوٹا جیٹ طیارہ زمین سے تقریباً 2 ہزار 200 فٹ کی بلندی پر پہاڑ سے ٹکرایا تھا، یہ 2015 کے ماڈل کا طیارہ تھا اور نیشنل پولیس کے زیر استعمال تھا۔ ہلاک ہونے والے پائلٹس اور اہلکار بھی نیشنل پولیس سے منسلک تھے۔ جاں بحق اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں