59

بھارت میں چائے کے کھیت پر مٹی کا تودہ گرنے سے 12 کسان ہلاک، 60 لاپتہ

کوچی: بھارتی ریاست کیرالہ میں مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑ کا ٹکڑا مٹی کے تودے کے ساتھ چائے کے کھیت اور کسانوں کے گھر پر گر گیا جس کے نتیجے میں وہاں کام کرنے والے 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں تباہی مچانے کے بعد بارشوں کا سلسلہ ریاست کیرالہ میں داخل ہوگیا ہے، مسلسل بارشوں کے باعث ضلع ایڈوکی میں پہاڑی کا ایک بڑا ٹکڑا اور مٹی کا تودا چائے کے کھیت پر گر گیا جس میں کسانوں کی بڑی تعداد دب گئی۔ ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے 10 افراد کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے جب کہ 12 لاشیں بھی نکالی گئی ہیں۔ تاحال 60 افراد کے مٹی کے تودے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ کسانوں کے گھر بھی تباہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ممبئی میں 24 گھنٹوں کے دوران 331 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے بارش کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے ساتھ آندھی بھی چلی جس سے 107 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتاری سے ہوائیں چلنے کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں