56

بوڑھی ماں نے تشدد کرنے والے بیٹے اور بہو کومعاف کردیا

راولپنڈی: بیوی کے ساتھ مل کر تشدد کرنے والے بیٹے اور بہو کو ماں نے معاف کردیا اور لوگوں سے بھی اپنے بیٹے کو معاف کرنے کی درخواست کی ہے۔ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں بیٹے کو اپنی بوڑھی ماں پر بے دردی سے تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی میں تھانہ صادق آباد کے علاقے میں پیش آیا تھا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھی اور پاکستان کی نامور شخصیات نے ایک بیٹے کی جانب سے ماں پر بہیمانہ تشدد کرنے کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ سوشل میڈیا پر بھی یہ واقعہ ٹرینڈنگ میں رہاتھا۔ بعد ازاں پولیس نے بوڑھی ماں پر تشدد کرنے والے بیٹے کو گرفتار کرلیا تھا۔

arsalan
تاہم اب اسی بوڑھی خاتون کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے اپنے بیٹے اور بہو سے سارے گلے شکوے بھلا کر انہیں معاف کردیا ہے۔ ویڈیو میں خاتون کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ میرے بیٹے اور بہو نے مجھ سے معذرت کی ہے اور میں اپنے بیٹے کو خدا کے حضور معاف کرتی ہوں۔
بوڑھی خاتون نے لوگوں سے بھی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کی اس حرکت سے جن لوگوں کی دل آزاری ہوئی ہے ان سب سے اپنے بیٹے کی طرف سے معافی مانگتی ہوں اور وہ لوگ بھی میرے بیٹے کو معاف کردیں، اللہ میرے بیٹے کو ہدایت دے۔ میں نے بیان حلفی دے دیا ہے لہٰذٰا میرے بیٹے کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی نہ ہو اللہ تعالیٰ بہتری کرے۔ ویڈیو میں خاتون کے بیٹے کو اپنی ماں کے ساتھ بیٹھا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں